شیخ صلاح الدین لیث محمد المدنی


صلاح الدین مدنی: حیات و خدمات

نام و نسب :
صلاح الدین خان بن لیث محمد بن حکمدار بن امان الله .

تاریخ ومقام پیدائش :


سرکاری دستاویز اور تعلیمی سندوں کے اعتبار سے میری تاریخ پیدائش یکم جون 1975ء ' 15/2/2032 بکرمی سمبت 'کوٹہی مائی گاؤں پالیکا وارڈ نمبر 7 ' بھنگہیا ضلع روپندیہی صوبہ لمبنی نیپال میں ہوئی.

ابتدائی اور اعلی تعلیم :


تعلیم کا آغاز گاؤں ہی کے مدرسہ مدینۃ الاسلام السلفیہ میں ہوئی جماعت ثانیہ تک کی تعلیم یہیں حاصل کی ، اس کے بعد 1991ء میں الجامعہ الاسلامیہ تلکہنا میں ثانیہ کی تعلیم دوبارہ پڑھ کر مرحلہ ثانویہ کی تعلیم مکمل کرنے کے لئے مرکز الامام احمد بن حنبل الاسلامی تو لہوا کپل وستو گیا اور یہیں سے 1994ء میں کچھ احباب کے ساتھ بنگلادیش ڈھاکہ" المعہد الاسلامی لإعداد الدعاة" میں ایک سالہ دورہ شرعیہ مکمل کیا جو کہ سعودی عرب کی معروف رفاہی و سماجی تنظیم "ادارة بناء المساجد والمشاريع الخيرية " ریاض کے زیر نگرانی چل رہا تھا اس کے بعد تقریبا ڈیڑھ سال تک اسی ادارہ کے زیر اشراف بحیثیت داعی ومدرس"مدرسۃ مدینۃ الاسلام السلفیہ" میں تعلیمی و دعوتی فریضہ انجام دیتا رہا ' مرحلہ ثانویہ کی تعلیم ناقص ہونے کی وجہ سے بعض مخلص احباب کے مشورے سے تعلیم کی تکمیل اور علمی تشنگی بجھانے کے لئے ہندوستان کی معروف قدیم سلفی دانشگاہ جامعہ اسلامیہ فیض عام مئو ناتھ بھنجن کا رخ کیا اور 1997ء میں فضیلت سال آخر میں داخلہ لیکر فضیلت کی ڈگری حاصل کی۔ یہاں رہ کر میں نے یو پی بورڈ آف مدارس ایجوکیشنز لکھنؤ سے عالم معقولات:1996م 'عالم دینیات:1999م 'فاضل دینیات:2008م' فاضل ادب:2009م کے امتحانات میں نمایاں کامیابی حاصل کی.
بعد ازاں 1999ء میں عالم اسلام کی معروف یونی ورسٹی جامعہ اسلامیہ مدینہ منورہ میں داخلے کی سعادت حاصل ہوئی .
اوروہاں ایک سال معہد تعلیم اللغۃ العربیۃ میں اور چار سال تک کلیۃ الدعوۃ واصول الدین سے منسلک رہ کر علمی فضا میں مختلف اساطین علم وفن کے سامنے زانوئے تلمذ تہہ کیا اور2004ء لیسانس "B.A" کی ڈگری امتیازی نمبرات سے حاصل کی _فللہ الحمد والشکر.

تدریسی ودعوتی خدمات:


الحمد للہ 1995.96ء میں ہی گاؤں کے مدرسہ میں تدریسی فریضہ انجام دے چکا تھا مزید مدینہ منورہ سے واپسی کے بعد 2005ء میں درس و تدریس 'دعوت ارشاد اور رفاہی وسماجی خدمات کا بہترین موقع نصیب ہوا اس وقت سے تا حال تدریسی ودعوتی ذمہ داری کے ساتھ ساتھ ادارہ کی نظامت کا بار گراں بھی ناچیز کے ناتواں کندھوں پر ہے حتی المقدور اپنی بساط بھر مرکز کے دونوں تعلیمی شعبوں مدرسۃ مدینۃ الاسلام السلفیہ اور کلیۃ فاطمۃ الزہراء للبنات کی تعمیری وتعلیمی ترقیوں کے لئے کوشش کر رہا ہوں' اللہ تعالیٰ مزید توفیق بخشے آمین.
اس 18 سالہ دور تدریس میں جو اہم کتابیں زیر تدریس رہیں  وہ درج ذیل ہیں: عقیدہ طحاویہ ، عقیدہ واسطیہ ، کتاب التوحید ، اصول الدعوہ ، ادیان و فرق ، نحو 'الرحیق المختوم ، أصول فقہ ، وغیرہ
میں جمعیت اہل حدیث روپندیہی نیپال سے بحیثیت رکن کئی سالوں سے شامل ہوں اور 2019ء میں مجھے جمعیت اہل حدیث روپندیہی نیپال کے ناظم کے طور پر منتخب کیا گیا جس سے منسلک رہ کر ضلعی جمعیتِ أہل حدیث کی آفس گوتم بدھ انٹرنیشنل ائیرپورٹ بھیرہوا سے متصل بتھری چوک میں بنانے میں کامیابی حاصل کی .
امر بالمعروف اور نہی عن المنکر کے فریضہ کی ادائیگی کے لئےدرس وتدریس کے ساتھ ساتھ دعوت وتبلیغ سے بھی میری  کافی دلچسپی ہے مرکز الصفا الاسلامی روپندیہی کی زیر نگرانی ضلع کے کئی مساجد میں جمعہ کے خطبات دیتا ہوں ' مختلف اجتماعات جلسوں اور کانفرنسوں میں بغرض وعظ و تقریر جمعیت کی نمائندگی کرتا رہتا ہوں اور بعد نماز دروس قرآن و حدیث کا اہتمام کرتا ہوں اور دیگر دعوتی پروگراموں میں بھی حسب استطاعت شامل ہوتا ہوں اور اسی طرح ادارہ کے زیرنگرانی خطبات جمعہ کا اہتمام اور دیگر دینی پروگراموں کی ترتیب کی نگرانی کا بار گراں بھی مرے ہی سر ہے.

سماجی ورفاہی خدمات اور تعمیر مساجد : 

ضلع روپندیہی اور نول پراسی کے کئی دیہی علاقوں میں اہل خیر کے تعاون سے الحمد للہ 25/اگست 2024 تک 18مساجد کی تعمیر ہوچکی ہے۔ اس کے علاوہ کئی ایتام کی کفالت اور رمضان ودیگر ایام میں اہل خیر وثروت کے مالی امداد سے گرم لباس تقسیم کرتا رہتا ہوں . اسی طرح مرکز کے تحت دیگر رفاہی کام بھی ہوتے رہتے ہیں اللہ ان سب اعمال جلیلہ کو قبول فرمائے۔

تصنیفی صحافتی خدمات:


اس میدان میں کوئی قابل ذکر تصنیف نہیں ہے سوائے ان چند مقالات کے جس کو دوران تعلیم لکھا تھا اور اسی طرح کچھ پمفلٹ پر نظر ثانی کیا ہوں اللہ تعالی مزید توفیق دے۔

عہدے و مناصب : 

جہاں تک عہدے و مناصب کا مسئلہ ہے مرکز الصفا الاسلامی بھنگہیا اسی طرح جمعیت اہل حدیث روپندیہی کا خادم ہوں.

موجودہ مصروفیات:


اہم مشغولیت درس و تدریس ، دعوت وتبلیغ ، اور ادارہ کے تعلیمی و دعوتی تربیتی پروگراموں کی نگرانی اور انہیں ترقی کے منازل طے کرنا ہے

ممتاز اساتذہ وشیوخ :


اس طویل تعلیمی سفر میں ہندو نیپال اور مدینہ منورہ میں جن عرب شیوخ اور بڑے بڑے علماء کرام سے کسب فیض کیا اور ان کے پاس زانوئے تلمذ تہہ کرنے کا موقع ملا ان کی ایک طویل فہرست ہے
ان میں سے چنندہ اہم علمی شخصیات یہ ہیں مولانا شفیق الرحمان صاحب سلفی بھنگہیا، مولانا عبدالحکیم صاحب ریاضی ببھنی ، مولا نا عبد الصبور صاحب بادی پپرا ' مولانا ابرار احمد صاحب مدنی پیرا، مولانا عبد الغفار صاحب سراجی اماری ، مولانا شاہد حسین عالی صاحب بھنگہیا، مولانا مظہر علی اثری صاحب بھنگہیا ، مولانا عبد العظیم بادی صاحب شیولوا، مولانامحمد نسیم صاحب مدنی بھرولیا، مولاناعبد الخالق صاحب سلفی تولہوا 'مولانا عبد الرحیم صاحب مدنی ڈمرا 'مولا نا عبد الحي صاحب مدنی پکڑی، فضيلة الشیخ رائد بن صبری بن عافه اردن، فضیلۃ الشیخ احمد ناصر اردن ، مولانا محفوظ الرحمان صاحب فیضی مئو 'مولانا عبدالحمید صاحب فیضی مئو، مولانا ابو القاسم عبد العظیم مدنی صاحب مئو. مولانا قاری نثاراحمد فیضی صاحب فضیلۃ الشیخ ڈاکٹر رباح العنزی مدینہ منورہ ، و ڈاکٹر سعید بن علی المدرہ مدینۃ منورہ ، ڈاکٹر عمار بن زھیر حافظ مدینہ منورہ ' ڈاکٹر حسین بن ھادی العواجی مدینہ منورہ ،ڈاکٹر عبد الرحمان بن رباح الحجیلی مدینہ منورہ ، ڈاکٹر عبد الرحمان الشبل مدینہ منورہ و غیر هم

تلامذہ اور مستفیدین:


مختلف اوقات میں خاکسار سے علم حاصل کرنے والوں کی تعداد طویل ہے جو ملک میں دعوتی تعلیمی وسماجی خدمات انجام دے رہے ہیں جس میں سے کچھ یہ ہیں، مولا نا شجر الدین اثری صاحب ترکلہا' مولانا زبیر احمد صاحب بسہوا ' مولانا جمال الدین اثری صاحب تلیا گڑھ' عبد الصبور صاحب ہادی سمرھنا، مولانا سیف اللہ صاحب وڑولیا، مولانا عبد الرحمان سلفی بٹئی ڈیہہ ' مولانامحمد عارف بھنگہیا مولانا محمد مختار فیضی صاحب پیر پتیا، اس کے علاوہ شاگردوں کی ایک لمبی فہرست ہے جو خلیجی ممالک میں برسرروزگار ہیں اللهم وفقهم لما یحبه ویرضاه

ازدواجی زندگی:


میری شادی 1997ء میں ضلع مہراج گنج موضع بٹئی ڈیہہ میں ہوئی جن سے پہلا لڑکا فضل الرحمن کی ولادت ہوئی لیکن بقضاء الہی ایک سال سے پہلے ہی دنیا کو خیر آباد کر گیا کچھ اور بچے کم سنی میں وفات پاگئے اللہ تعالی ان لوگوں کو والدین کیلئے ذخیرہ آخرت بنائے آمین ' ایک بیٹا اور دو بیٹیاں بقید حیات ہیں جنکے نام یہ ہیں عبدالمحسن عائشہ اور سمیہ ، اللہ رب العالمین انہیں صحت وتندرستی عطافرمائے اور زیور علم سے مالا مال کرے 'عمل صالح کی توفیق بخشے اور تاحیات دین اسلام پر قائم و دائم رکھے آمین یا رب العالمین

Comments

Popular posts from this blog

خذ بلطفك يا إلهي اردو ترجمہ